ادکارہ حنا خواجہ کا اردوزبان سے ناواقف پاکستانیوں پر افسوس کا اظہار

08-28-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے ملک کی قومی زبان اردو سے ناواقف پاکستانیوں پر افسوس کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حنا خواجہ بیات نے سوشل میڈیا کی پوسٹ پر اُردو زبان سے متعلق کمنٹ کیا جس کا اسکرین شاٹ مختلف پیجز پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔سینئر اداکارہ نے اپنے کمنٹ میں اُن پاکستانیوں پر سخت تنقید کی جو اُردو زبان نہ بولنے اور نہ سمجھے پر بہت فخر کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ برطانوی اور امریکی زبان سیکھنے سے پہلے اردو زبان سے لازمی واقف ہو۔حنا خواجہ بیات نے کہا کہ آپ چاہے کوئی بھی لب و لہجہ اختیار کرلیں، وہ نقلی ہی دکھائی دے گا کیونکہ وہ آپ کی قومی زبان نہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ مختلف زبانیں سیکھنے والے لوگوں کو اپنی گرومنگ پر کام کرنے کی ضرورت بھی ہوتی ہے تاکہ وہ درست تلفظ کے ساتھ کوئی بھی زبان بول سکیں۔حنا خواجہ بیات نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے کہ لوگ بڑی ہی آسانی سے فخر کرتے ہوئے یہ کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں اردو نہیں آتی۔ سینئر اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ اپنی قومی زبان اور ثقافت چھوڑنے سے اپنی شناخت کھودیں گے، غیروں کی زبان سیکھنے سے پہلے اپنی زبان سے واقف ہونا بہت ضروری ہے۔