آئی سی سی کی پلیئرز رینکنگ، بلے باز بابر اعظم کی چھ درجے تنزلی

08-28-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی کی تازہ پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کی چھ درجے تنزلی ہو گئی۔

آئی سی سی نے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، بلے باز بابر اعظم ناقص پرفارمنس کے باعث چھ درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر چلے گئے، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان بہترین پرفارمنس پر چھ درجے بہتری کے بعد دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل ایک درجہ بہتری کے بعد 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے، ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں انگلش بلے باز جوئے روٹ پہلے نمبر پر موجود ہیں، انگلینڈ کے ہیری بروک آئی سی سی مینز ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بولرز رینکنگ میں شاہین آفریدی دو درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے، قومی ٹیم کے نسیم شاہ چار درجے ترقی کے بعد 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔