مہنگائی ٹرین کا نان سٹاپ سفر، موسمی سبزیاں غریب کی پہنچ سے دور

08-28-2024

(لاہور نیوز) عوام مہنگائی کی دلدل میں پھنس کر رہ گئے، سبز مصالحہ جات، موسمی سبزیاں اور پھل غریب کی پہنچ سے کوسوں دور ہو گئے۔

سرکاری ریٹ لسٹ میں 13 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دیئے گئے، اوپن مارکیٹ میں پیاز 180 روپے، لہسن چائنہ 600 روپے، ادرک 720 روپے فی کلو ہے، سبز مرچ 160 روپے، لیموں دیسی 700 روپے فی کلو تک مل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آلو 130 روپے، کریلے 150 روپے، شلجم 200 روپے فی کلو فروخت کئے جا رہے ہیں، بھنڈی 160 روپے، شملہ مرچ 320 روپے، اروی 250 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے، مٹر 440 روپے اور گاجر چائنہ 140 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ پھلوں میں آلو بخارہ 400 روپے، آم چونسہ 360 روپے، پپیتا 350 روپے فی کلو تک ہے۔ مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد بھی نہ کروایا جا سکا، شہری کہتے ہیں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں قوت خرید میں نہیں رہیں، اشیائے خورونوش کے دام آؤٹ آف کنٹرول ہو چکے ہیں۔