لاہور ہائیکورٹ کا بجلی کے بلوں پر فکس چارجز وصولی کے خلاف حکم امتناعی جاری

08-28-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں پر فکس چارجز وصولی کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں پر فکس چارجز عائد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محمد رضا قریشی نے نو کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور لیسکو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزاروں کی جانب سے خواجہ وسیم عباس ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ لیسکو  نے بلوں پر فکس چارجز کا نفاذ کر دیا ہے، لیسکو کی جناب سے عائد فکس چارجز کی کوئی منظوری حاصل نہیں کی گئی، فکس چارجز عائد کرنے کے لئے کابینہ اور نیپرا سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ لیسکو  نے بغیر بجلی استعمال ہوئے 32 لاکھ روپے کا بل بھیج دیا ہے، گزشتہ ماہ 57 لاکھ روپے بل، اس ماہ ایک کروڑ 56 لاکھ روپے بھجوا دیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت لیسکو کی جانب سے فکس چارجز کو ختم کرنے کا حکم دے۔