چیمپئنزکپ مینٹورز کی چاندی، ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کرینگے

08-28-2024

(ویب ڈیسک) چیمپئنز کپ میں شامل ٹیموں کے مینٹورز ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کریں گے، پی سی بی 3 سالہ معاہدے کے تحت انہیں سالانہ 50 لاکھ روپے ادا کرے گا،حکام کو سابق سٹارز کی مدد سے نئے ٹیلنٹ کے حصول کی امید ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گذشتہ دنوں چیمپئنز کپ ٹیم مینٹورز کا اعلان کیا، ان میں مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد،وقار یونس اور شعیب ملک شامل ہیں، ان سب کے ساتھ 3،3 برس کا معاہدہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سالانہ 50 لاکھ روپے فی مینٹور معاوضے پر اتفاق ہوا ہے،یوں تین سال میں ہر سابق سٹار ڈیڑھ کروڑ روپے حاصل کر پائے گا۔ ان کا کام ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اسے نکھارنا ہے، چیمپئنز کپ کی ہر ٹیم کے ساتھ 10رکنی سپورٹنگ سٹاف موجود ہوگا، ان میں ہیڈ کوچ، نائب کوچ، منیجر و دیگر شامل ہیں۔ پاکستان کو ان دنوں سپنرز کے قحط کا سامنا ہے، پی سی بی کو ثقلین مشتاق سے امیدیں ہیں کہ وہ اس مسئلے کو حل کریں گے، ایونٹ کے دوران نظر آنے والے نئے ٹیلنٹ کو سابق سٹارز کی مدد سے نکھارا جائے گا تاکہ ٹیم کیلئے بیک اپ فورس تیار ہو سکے۔ وقار یونس نے حال ہی میں چیئرمین کے مشیر کا عہدہ چھوڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں اس کے مقابلے میں مینٹور کی پوسٹ زیادہ بہتر لگی جس میں دفتری اوقات کی پابندی بھی ضروری نہیں، چند دنوں کے کام کا اچھا معاوضہ بھی مل رہا ہے،اسی طرح سرفراز احمد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ قومی ٹیم کیلئے بدستور دستیاب رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر طلب کیا جا سکے گا۔ شعیب ملک بھی ابھی باضابطہ ریٹائر نہیں ہوئے اور لیگز کھیل رہے ہیں، البتہ ڈومیسٹک ایونٹ کے دوران وہ بھی اپنی ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔