ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پنجاب بھر سے گمشدہ بچوں کے کیسز میں مددگار ثابت

08-27-2024

(لاہور نیوز) سیف سٹی میں قائم پاکستان کا پہلا ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی لاہور سمیت پنجاب بھر سے گمشدہ اور ملنے والے بچوں کے کیسز میں مددگار ثابت ہوا۔

سیف سٹی میں قائم پاکستان کے پہلے ورچوئل سینٹرفار چائلڈ سیفٹی کو ایک ماہ مکمل ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر قائم کردہ چائلڈ سینٹر کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر پنجاب بھر سے گمشدہ اور ملنے والے بچوں کے کیسز میں مددگار ثابت ہوا، ورچوئل چائلڈ سینٹر میں 1 ماہ میں 4 ہزار 322 سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔   ترجمان سیف سٹیز کے مطابق چائلڈ سیفٹی سینٹر  نے بچوں سے متعلقہ ایک ہزار سے زائد ایف آئی آر درج کروا دیں، چائلڈ سیفٹی سینٹر کے 3 ہزار 175 سے زائد کیسز کو حل کر دیا گیا، گمشدہ و ملنے والے، لاوارث، گھر سے بھاگے اور زیادتی کا شکار بچوں و دیگر شکایت پر فوری پولیس کی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر 15 کال، پنجاب پولیس پاکستان ایپ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور"چیٹ" کے ذریعے شکایت درج کر رہا ہے، پنجاب بھر سے گمشدہ یا ملنے والے بچوں کی پولیس رپورٹ، میرا پیارا ایپ اور 15 کال کے ذریعے موصول ہونے والی معلومات کا ڈیٹا بھی جمع کیا جا رہا ہے، گمشدہ یا ملنے والے بچوں کو ورثا سے ملوانے کے لئے سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ مدد گار ثابت ہو رہا ہے، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔