سابق انگلش کپتان مائیکل وان بھی پاکستان کی شکست پر بول اٹھے

08-27-2024

(ویب ڈیسک) سابق انگلش کمنٹیٹر و کپتان مائیکل وان بھی پاکستان کی بنگلادیش کے ہاتھوں شکست پر بول اٹھے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بنگلادیش کو پاکستان کیخلاف تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ اسوقت واقعی بڑی مشکل میں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بنگلادیش کیلئے بہت شاندار جیت۔۔!! اعلیٰ معیار کی کارکردگی۔۔ پاکستان واقعی ایک بڑی مشکل میں ہے۔ بنگلادیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 448-6 کے باوجود پاکستانی بالنگ نے 565 رنز بنوا دیئے جس سے میچ ڈرا لگ رہا تھا لیکن ڈرامائی انداز میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں محض 146 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور بنگلادیش نے 10 وکٹوں سے تاریخی فتح سمیٹ کر شائقین کے دل توڑ دیئے تھے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں شکست پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ میچز میں پہلی ہار تھی۔