حساس مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حفاظت کا معاملہ، آئی جی پنجاب کو مراسلہ جاری

08-26-2024

(لاہور نیوز) حساس مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حفاظت کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے آئی جی پنجاب کو اہم مراسلہ جاری کر دیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپریشنز اور ڈیوٹی کے دوران بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے عملے کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، چیک پوسٹوں، ناکوں پر تعیناتی اور چھاپے یا سکیورٹی آپریشن کے دوران پولیس اہلکار مکمل سیفٹی گیئر استعمال کریں۔ مراسلے میں تاکید کی گئی ہے کہ خطرات کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کے سر، گردن اور چھاتی کو خاص طور پر مناسب حفاظتی سامان سے محفوظ بنایا جائے۔