پی سی بی کا مینجمنٹ کمیٹی کی آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے ردعمل
08-26-2024
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نجم سیٹھی اور مینجمنٹ کمیٹی ممبران کی آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے ردعمل جاری کردیا۔
پی سی بی کی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں نجم سیٹھی اور ان کے تین کمیٹی ممبران شکیل شیخ، ہارون رشید اور اعزاز سید کا آڈیٹ کیا گیا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق نجم سیٹھی اور دیگر ممبران کو دی گئی ادائیگیاں پی سی بی قوانین کے مطابق ہیں، الاؤنسز حکومت کی مقرر کردہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق دیئے گئے، نجم سیٹھی اور تین ممبران کو بغیر تنخواہ کام کرنے پر الاؤنسز دیے گئے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں حکومت کی مقرر کردہ 11 رکنی مینجمنٹ کمیٹی کے فیصلے کی بنیاد پر کی گئی تھیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے میٹنگز کا جامع دستاویزی ثبوت اور تفصیلی ریکارڈ فراہم کیا ہے۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ امید ہے کہ زیر بحث آڈٹ پیراز کو حتمی آڈٹ رپورٹ سے ہٹا دیا جائے گا، پی سی بی کی سالانہ آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے تیار کی جاتی ہے۔