پیپلزپارٹی عوام کے ریلیف کیخلاف بات کر کے اپنی ساکھ خراب کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری

08-25-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے ریلیف کیخلاف بات کر کے اپنی ساکھ خراب کر رہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ بھائی! ایک طرف آپ پنجاب حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، دوسری طرف باہر آکر پنجاب کے عوام کو ملنے والے ریلیف کے خلاف بول رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب کے لوگوں کو ملنے والے ریلیف کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، مریم نواز پنجاب میں 400 ارب سڑکوں پر اور بجلی کے بلز کم کر رہی ہیں جبکہ یہاں گھر بنانے کے لیے 15 لاکھ تک قرضے بھی مل رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں دوائی بھی مل رہی ہے اور ہسپتال بھی بن رہے ہیں، ایک ہارے ہوئے شخص کو پنجاب میں ہوتی ترقی کیوں نظر نہیں آتی سمجھ سے باہر ہے، آپ ایوان سے باہر لیکن پنجاب میں تو رہتے ہیں۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ میڈیا کے سامنے آپ عوام کے ریلیف کے خلاف بات کر کے اپنی ساکھ کو مزید خراب کر رہے ہیں۔