بنگلا دیش سے شکست پر کپتان شان مسعود نے اپنی غلطیاں تسلیم کر لیں

08-25-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ مایوسی پورے پاکستان کو ہوئی ہے اور ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، ٹیم کے مورال کے لئے دوبارہ بیٹھیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یقیناً مایوس کن کارکردگی ہے لیکن گر کر اٹھنا ہے، انشاء اللہ ایک دوسرے کو اٹھا کر پاکستان کو اچھے نتائج دیں گے۔ شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کی حیثیت سے پانچویں دن غلطیاں کیں، وکٹ چار دن تک ٹھیک ہی رہی لیکن باؤلنگ میں ہم نے کچھ کمزوری دکھائی، صرف ایک چیز کو وجہ قرار نہیں دے سکتے بلکہ موسم وغیرہ اور دیگر عوامل بھی اثر انداز رہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پانچویں دن پر بات نہیں کروں گا بلکہ چاروں دن کی صورتحال کو مدنظر رکھنا چاہئے، بنگلا دیش کو پانچویں روز سپنر سے مدد ملی، ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں جیسے 200 رنز کی لیڈ تھی لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ شان مسعود نے کہا کہ میچ میں کچھ موومنٹ ہوتے ہیں جیسے باؤلنگ میں نئی بال کا تھا وہاں کوشش تھی پرفارم ہو، بعض موقعوں پر بنگلا دیش نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کبھی ڈرا کی طرف نہیں سوچا، جو غلطیاں ہوئیں ہیں اب ان کو سدھارنے کا وقت ہے۔