صوبائی وزیر صحت کا ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

08-25-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کا رات گئے اچانک دورہ کیا۔

اس دوران ہسپتال میں مارننگ، ایوننگ اور نائٹ شفٹس میں فارماسسٹ غائب پائے گئے، ادویات کی لوکل پرچیز میں بےقاعدگیاں، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں مریضوں نے ڈاکٹروں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کی بدانتظامی، ناقص صفائی کی صورتحال، مریضوں کی شکایات پر ایم ایس کو شوکاز جاری کرنے کی ہدایت کی، ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کے ایک فارماسسٹ کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں فوری رپورٹ کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، ادویات کی مفت فراہمی ہی میری ریڈ لائن ہے، غفلت اور شکایات کی صورت میں ہسپتال انتظامیہ احتساب سے نہیں بچ سکے گی، تمام شفٹوں میں ڈاکٹرز، سٹاف کی ڈیوٹیوں کو ریشنلائز کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔