وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پولیس شہدا کا غم بانٹنے رحیم یار خان پہنچ گئیں

08-25-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رحیم یارخان میں پولیس شہدا کا غم بانٹنے پہنچ گئیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی، پولیس شہدا میں محمد عمران، راشد، ساجد، احمد، زاہد، منیر، نذر عباس، انس ستار، عبداللہ شامل ہیں، اس کے علاوہ راہ حق کےلئے جان دینے والوں تین ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجہ کنول بھی تھے۔  مریم نواز نے شہدا کے والدین، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے پولیس شہدا ک غمزدہ اہل خانہ کو دلاسہ دیا اور شہدا کے لئے دعا مغفرت کی، مریم نواز باری باری شہدا کے ورثا کے پاس گئیں اور اہل شہید کاروں کی والدہ اور بیوہ کو حوصلہ دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے روتی ہوئی  بیوہ خاتون کو گلے لگا لیا، ساتھ ہی شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا اور کہا کہ کوتاہی ہوئی غلطی کا ازالہ کریں گے، آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندان بھرپور کفالت کی جائے گی، شہدا کے بچوں کو  مفت تعلیم ، گھر اور نوکری بھی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکووں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کا غم بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں، محمد نواز شریف نے اطلاع ملتے ہی مجھے فورآ سوگوار خاندانوں کے پاس جانے کو کہا، ہرجان قیمتی ہے تاہم پولیس ا ہلکاروں کی حفاظت بھی یقینی بنائیں گے۔