کچہ حملے میں شدید زخمی کانسٹیبل ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل

08-25-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کچہ حملے میں شدید زخمی کانسٹیبل کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں بلال کی عیادت کے دوران لاہور منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر زخمی بلال کو علاج کے لئے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے حملے میں گولیاں لگنے سے زخمی کانسٹیبل بلال کی ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام متاثر ہوا، جنرل ہسپتال کے ماہر نیورو سرجن زخمی کانسٹیبل کا علاج کریں گے۔ اس حوالے سے مریم نواز شریف نے کہا ڈاکٹر کانسٹیبل بلال کی مکمل صحت یابی کے لئے پر امید ہیں، زخمی کانسٹیبل بلال کے علاج کے تمام اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی، کچہ میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل ہمارے ہیرو ہیں، مکمل بحالی تک بھرپور ساتھ دیں گے۔