ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں فاطمہ ثنا قومی ٹیم کی قیادت کریں گی

08-25-2024

(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی کپتان کو تبدیل کر دیا، اب فاطمہ ثنا ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 سالہ فاطمہ ثنا کو سینئر کرکٹر ندا ڈار کی جگہ کپتانی کے فرائض سونپ دیئے گئے ہیں اور یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے۔ فاطمہ ثنا 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں جبکہ ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت کے فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں۔ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کیلئے پاکستانی سکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔