پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 6 ماہ میں 14 کروڑ 48 لاکھ کے جرمانے عائد

08-25-2024

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، ناقص دودھ فروخت کرنے پر 14کروڑ 48لاکھ 94ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر معیاری دودھ کی فراہمی کا مشن جاری ہے،  گزشتہ 6ماہ میں 17کروڑ 51لاکھ 77ہزار لٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کی گئی، 131مقدمات درج کیے گئے جبکہ مارچ سے اب تک 2لاکھ36 ہزار 900 ڈیری شاپس، یونٹس اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، اس دوران 14کروڑ 48لاکھ 94ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، 103 ملک شاپس اور ڈیری یونٹس بند کر دیے گئے جبکہ 8لاکھ 53ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ  ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی آج بھی علی الصبح ناکہ بندیاں جاری ہیں، دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے، گزشتہ سال کی نسبت 227.98 فیصد زیادہ دودھ کی چیکنگ کی گئی، صوبہ بھر میں ڈیری سیفٹی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر دودھ کے معیار کی چیکنگ کرتی ہیں۔