علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 3 کارروائیوں میں لاکھوں کا سونا، موبائل فونز برآمد

08-25-2024

(لاہور نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹمز نے تین بڑی کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سونا، موبائل فون برآمد کر لئے۔

کلکٹر کسٹمز ایئر پورٹ علی عباس گردیزی کے مطابق پہلی کارروائی میں نجی ایئرلائن کی پرواز 416 سے دبئی جاتے مسافر کے سامان سے 883 گرام سونے کی مختلف اشیا، تین ہزار یورو، تین ہزار ریال جن کی مالیت دوکروڑ 33 لاکھ سے زائد بنتی ہے برآمد کیے۔ دوسری کارروائی میں لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے شارجہ سے آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز سے 100 قیمتی آئی فون جن کی مالیت تقریباً 3 کروڑ سے زائد کی بنتی ہے برآمد کیے۔ کلکٹر کسٹمز علی عباس گردیزی کے مطابق تیسری کارروائی میں لاہور ایئر پورٹ سے نجی ایئرلائن کی پرواز 417 کے مسافر کے سامان سے شک پڑنے پر 2875 گرام سونا جو تقریباً 246 تولے سے زیادہ بنتا ہے برآمد کیا گیا۔ تینوں مسافروں کو حراست میں لے کر کسٹمز کے آئی اینڈ پی ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تینوں کارروائیاں کرنے والے افسران اور عملے کو چیف کلکٹر کسٹمز اور کلکٹر کسٹمز کی جانب سے تعریفی اسناد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔