باؤلرز کی بھرپور محنت کے باوجود پچ سے متوقع نتائج نہیں ملے: نسیم شاہ

08-25-2024

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ میں باؤلرز کی بھرپور محنت کے باوجود پچ سے متوقع نتائج نہیں ملے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ نے اچھی پچ تیار کرنے کی کوشش کی لیکن شاید دھوپ کے باعث پچ ڈرائی ہو گئی، کچھ غلطیاں ہم سے بھی ہوئیں جس کی وجہ سے مخالف ٹیم کو زیادہ رنز بنانے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا اس پچ سے فاسٹ باؤلرز کو فائدہ ملے گا اسی لیے 4 پیسرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا، 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ آپ نے مکمل اٹیک کرنا ہے۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ہمیں ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج نہیں مل رہا، اس بارے میں اب سوچنا ہوگا کیوں کہ میچ کا نتیجہ تو کسی نہ کسی طریقے سے نکالنا ہے لہٰذا ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔ نسیم شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے ہاں اگر فاسٹ پچز نہیں بن رہیں جس سے فاسٹ باؤلرز کو فائدہ مل سکے تو سپنرز کیلئے سازگار وکٹیں تیار کی جائیں تا کہ کسی نہ کسی طریقے سے ہوم ایڈوانٹیج لیا جا سکے۔