ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ: کھلاڑیوں کو سفری اخراجات خود برداشت کرنے کا حکم

08-24-2024

(ویب ڈیسک ) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے 27 ویں ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لیے منتخب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سفری اخراجات خود برداشت کرنے کا حکم دے دیا۔

 فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ پیر تک واپسی کے کنفرم ٹکٹ نہ جمع کرانے والا کھلاڑی کو پاکستان کی نمائندگی سے محروم کردیا جائے گا، چیمپئن شپ 6 سے 13 اکتوبر تک قازقستان کے شہر الماتے میں منعقد ہوگی۔ قومی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری اعجازعلی نے ایشین چیمپئن شپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ ان کو سفری اخراجات خود ادا کرنا ہوں گے، ایسا نہ کرنے والا منتخب کھلاڑی ایشائی مقابلوں میں شرکت کا اہل نہیں ہوگا جبکہ ان کا اندراج منسوخ کر کے اخراجات برداشت کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ خیال رہے فیڈریشن کے اس فیصلہ سے محدود مالی وسائل کے حامل اہل کھلاڑی مقابلوں میں شرکت سے قاصر رہیں گے۔دریں اثنا ٹیبل ٹینس کے حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے بجائے مالی بوجھ ان پر منتقل کیا جا رہا ہے، جو کھیلوں کے فروغ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔