عمران خان کی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پراپیگنڈا کر رہی ہیں: عظمیٰ بخاری

08-24-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پراپیگنڈا کر رہی ہیں۔

علیمہ خان اور رؤف حسن کی واٹس ایپ چیٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مذہب کارڈ اور غداری کارڈ کے بعد پیش خدمت ہے مظلومیت کارڈ، بھابھی اور نند کے اختلافات فتنہ پارٹی کے واٹس ایپ گروپس میں موضوع بحث بن رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھابھی اور نند میں پارٹی پر قبضے کی جنگ چل رہی، فتنہ پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے پراپیگنڈوں سے اب کچھ بھی بعید نہیں، "کریمنالوجی یونیورسٹی آف بنی گالہ" کا پرنسپل آج مظلوم بن کر عوام سے ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل سے نکلنے کیلئے کبھی فوج سے معافیاں تو کبھی برطانوی وزیراعظم سے اپیلیں کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی ایک ہفتے مولا جٹ بنتے اگلے ہفتے "معصوم پرندہ" بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے تو مخالفین کو پھانسی پر لٹکانے کی فہرستیں تیار کرتے تھے، آج ان کی اپنی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پراپیگنڈے کر رہی ہیں۔