پنجاب میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سکیورٹی انتظامات مکمل
08-24-2024
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم اور لاہور میں صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
اس حوالے سے ایک بیان میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں چہلم پر 680 مجالس اور 382 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، مجالس اور جلوسوں کے لیے 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ سیف سٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کو سکیورٹی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے یہ بھی بتایا ہے کہ لاہور میں 44 مجالس اور 5 جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔