یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، چیئرمینوں، ایگزیکٹوز کو اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا
08-24-2024
(لاہور نیوز) سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے متعدد وائس چانسلرز، چیئرمینوں اور ایگزیکٹوز کو اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ 2024 ء سے نواز دیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے انعامات دیئے، یوسی پی اور پنجاب گروپ آف کالجز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل افضل کو اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ 2024ء اور لائف اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان کا گورنر ہاؤس میں ہونے والی اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ 2024ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یونیورسٹیاں ہمارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، ہمیں ضرورت ہے کہ اچھے کریکٹر والے لوگ پیدا کریں، اس میں نجی یونیورسٹیاں اہم کردار ادا کررہی ہیں، لوگ بہت بڑی تعداد میں اپنے کاروبار اور اچھی سہولیات کے لئے باہر جارہے ہیں۔ ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں، ہمیں چاہئے کہ ہم ان یونیورسٹیز کی چیزوں کو دیکھیں ان کے اساتذہ کو بلائیں اور ان کے تجربات سے سیکھیں، ہمارے بچے اچھے نمبرز تو حاصل کرلیتے ہیں لیکن وہ اچھی تربیت حاصل نہیں کرتے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمارے بچے امتحانات پاس کرلیتے ہیں لیکن وہ اصل تعلیم نہیں حاصل کرتے جو کہ کتابوں میں ہوتا ہے، میری تمام تعلیمی ماہرین سے درخواست ہے کہ بچوں کو علم والا بنائیں، اس سے ملک ترقی کرے گا اور ہمارے نوجوانوں کو دنیا میں بھی عزت ملے گی۔ اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ 2024ء کی تقریب میں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے تعلیمی میدان میں بہترین کارگردگی دکھانے والی شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کئے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب سہیل افضل کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ 2024ء دیا گیا، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز کو ایوارڈ دیا گیا۔ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کو ایوارڈ دیا گیا، گورنر نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا پروفیسر ڈاکٹر قیصر الزماں خان کو ایوارڈ دیا۔ وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ کو ایوارڈ دیا گیا، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ کو ایواڈ دیا گیا، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق کو ایوارڈ دیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان، اویس رؤف، ڈاکٹر آصف رضا، پروفیسر ڈاکٹر محمد منصور احمد کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔