پاک بھارت تجارت کا سلسلہ جاری، ترجمان دفتر خارجہ لا علم

08-23-2024

(ذیشان یوسفزئی) پاکستان اور بھارت میں دوستی نہ ہونے کے باوجود تجارت جاری ہے، بھارت سے تجارت کے تحت پاکستان نے ایک ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کی اشیاء خریدیں۔

ترجمان دفتر خارجہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت ختم ہونے کا دعویٰ کر چکی ہیں، جب ان سے ہندوستان اور پاکستان کے تجارت کے متعلق سوال کیا گیا تو وہ لاعلم نکلیں اور بتایا کہ 2019 کے بعد دوطرفہ تجارت نہیں ہے اور نہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ اس کے برعکس گزشتہ پانچ سالوں میں بھارت سے ایک ارب 62 کروڑ ڈالر کی اشیاء درآمد ہوئیں۔ دنیا نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سال 20-2019 میں 38 کروڑ ڈالر  کی اشیاء درآمد کی گئیں، اسی طرح سال 21-2020 میں 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی اشیاء درآمد ہوئیں۔ دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 22-2021 میں 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی چیزیں بھارت منگوائی گئیں جبکہ سال 23-2022 میں 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور 24-2023 میں 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی چیزیں پاکستان آئیں۔ وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت سے ادویات بنانے والے خام مال کو منگوایا جاتا ہے جو جان بچانے والی ادویات میں استعمال ہوتے ہیں۔