رحیم یار خان: کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا

08-23-2024

(لاہور نیوز) رحیم یار خان میں کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔

نمازجنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت سول و عسکری حکام شریک ہوئے، شہدا کے جسدخاکی ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز پہنچائے گئے۔ وزیرداخلہ شہدا کے خاندانوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس سے قبل آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ پنجاب شیخ زید ہسپتال پہنچے اور گزشتہ رات ڈاکوؤں کے حملہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے لئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، کچہ ایریا اور سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔