بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے وقت جھگڑا، شیخ امتیاز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

08-23-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے وقت پولیس کے ساتھ لڑائی جھگڑا کیس میں بڑی پیشرفت ہو گئی۔

عدالت نے ایم پی اے شیخ امتیاز کو 10 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایم پی اے شیخ امتیاز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت پولیس نے ملزم کے تیس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم نامزد تتیمہ بیان ہے، ملزم سے ڈنڈے سوٹے اور موبائل برآمد کرنا ہے۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ 14 اکتوبر 2023 کو انہوں نے تتیمہ بیان میں نامزد کیا ، اس سے پہلے یہ ہائیکورٹ میں رپورٹ دے چکے ہیں کہ ملزم کی گرفتاری درکار نہیں ، کل امتیاز شیخ گھر سے نکل کر ٹھوکر نیاز بیگ کھڑے ہو کر فون کر رہے تھے کہ انہیں جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر لیا،  ایک ایم پی اے  کی تذلیل کی گئی۔ عدالت نے ایم پی اے  شیخ امتیاز کو دس دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ، شیخ امتیاز کو تھانہ ریس کورس میں درج مقدمہ میں پیش کیا گیا۔