لاہور شہر پاکستان، تھیٹر اور ڈرامے کا دل، مجھے نام اور عزت لاہور سے ہی ملی: فردوس جمال

08-22-2024

(لاہور نیوز) معروف اداکار فردوس جمال نے کہا کہ لاہور شہر پاکستان، تھیٹر اور ڈرامے کا دل ہے۔

الحمرا ادبی بیٹھک میں معروف اداکار فردوس جمال کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی جس میں فردوس جمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی مٹی میں کوئی خاص کشش ہے، زیادہ تر اداکاروں نے لاہور میں شہرت پائی، مجھے بھی جوعزت اور نام ملا ہے لاہور سے ہی ملا ہے، ہم لاہوریوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں اپنے سر آنکھوں پر بٹھایا۔ معروف اداکار فردوس جمال نے کہا کہ جب الفاظ کا ذخیرہ ختم ہو جاتا ہے تو لوگ فحاشی اور عریانی کا سہارا لیتے ہیں، بدقسمتی سے آج کے تھیٹر میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے، آج تھیٹر وہ تھیٹر نہیں جو ہونا چاہئے تھا۔ فردوس جمال نے کہا اداکارامان اللہ جو بسوں میں گولیاں ٹافیاں بیچتا تھا کو ایک ڈرامے’’سکسر‘‘ میں میراثی کا کردار ادا کرنے کے لئے میں ہی لایا تھا، امان اللہ ہمیں جگتیں کرکے ہنساتے تھے، اس ڈرامے میں دو میراثی میں نے ڈالے پھر ایسے ہی ڈرامے بنتے گئے، تھیڑ میں امان اللہ، البیلا نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا لاہور نے ہی تھیٹر کی روایت کو برقرار رکھا ہے، میں نے پورے پاکستان میں تھیٹر کیا، تھیٹر کی سو سے ڈیڑھ سو سال پرانی روایت ہے، تھیٹر میں گورنمٹ کالج لاہور کا اہم کردار تھا، لاہور فلم اور تھیٹر میں اولین شہرت رکھتا ہے، ہم محبتوں کے مارے لوگ ہیں، خود کو سمجھانے اور سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں یہ محبت کا لین دین ہے۔ معروف اداکار نے مزید کہا کہ اہل ترین لوگ ختم ہوتے جا رہے ہیں، سب کچھ لکھا جا چکا ہے، اب تو صرف اسے دہرایا جا رہا ہے۔