آئی پی پیز کا مسئلہ برقرار ،حکومت کیپٹو پاور پلانٹس سے ہاتھ کھینچنے لگی

08-22-2024

(لاہور نیوز) آئی پی پیز کا مسئلہ برقرار جبکہ حکومت کیپٹو پاور پلانٹس سے ہاتھ کھینچنے لگی ۔

پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے دباو پر کیپٹو کو ایندھن فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،پہلے مرحلے میں 12 سو کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس بند کی جائے گی، 12 سو کیپٹو پاور پلانٹس بند ہونے سے صنعتی کاروبار متاثرہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کیپٹوپاور پلانٹس کو 350 ایم ایم سی ایف گیس کی فراہمی سے چلایا جارہا تھا، کیپٹو پاور پلانٹس کو 200 ایم ایم سی ایف ڈی قدرتی گیس دی جاتی ہے، پاور پلانٹس کو 150 ایم ایم سی ایف ڈی ایل جی فراہم کی جاتی ہے، تقریبا 7سو پلانٹس کو 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے قدرتی گیس دی جاتی ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پانچ سو پلانٹس کو 3600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو حساب سے ایل این جی دی جاتی ہے، کارخانوں کے پاور پلانٹس کی بجائے گیس اور ایل این جی گھریلو سیکٹر کو دینے کی تجویز ہے، مہنگی گیس اور ایل این جی گھریلو صارفین پر اضافی بوجھ کا باعث بنے گی۔