پی ٹی آئی کو سخت شرائط کے ساتھ 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت مل گئی

08-22-2024

(لاہور نیوز) اسلام آباد کی انتظامیہ نے سخت شرائط کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے، لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا، یہ جلسے کی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہو گی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنان کو منتشر کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاٹھی یا کسی بھی قسم کا ہتھیار کسی کے پاس نہ ہو، دھرنا دینے، ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت نہیں ہو گی، شرکاء کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہو گی، سٹیج کیلئے شرکاء کی فہرست 12 گھنٹے قبل انتظامیہ کو مہیا کرنا ہو گی، کسی بھی سکیورٹی صورتحال پر جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔