جنید خان نے صنم سعید کو اصل میں تھپڑ کیوں مارا؟ اداکار کا بڑا انکشاف

08-22-2024

(ویب ڈیسک) نامور اداکار و گلوکار جنید خان نے ساتھی اداکارہ صنم سعید کو ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران حقیقت میں تھپڑ رسید کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں جنید خان نے اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور انٹرویو کے دوران ان سے کئی دلچسپ سوالات کیے گئے جو کہ ان کے کیرئیر سمیت ذاتی زندگی پر مبنی تھے۔ اسی دوران میزبان احمد علی بٹ نے سوال کیا کہ 'آپ نے اپنی زندگی کا سب سے عجیب ڈرامے کا سین کب کیا؟' جواب میں اداکار نے بتایا 'مجھے یاد ہے یہ واقعہ 2012 میں ڈرامہ متاع جان کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا، یہ میرے کیریئر کے شروع شروع کے دن تھے، اس ڈرامے میں ایک سین تھا جس میں مجھے صنم سعید کو تھپڑ مارنا تھا'۔ اداکار نے کہا 'ہدایت کار مہرین جبار نے ڈرامائی منظر کو حقیقی دکھانے کے لیے مجھے اصل میں صنم کو تھپڑ مارنے کا کہا جس پر میں حیران ہوا اور کہا میں یہ نہیں کروں گا، اس پر مہرین نے کہا میں چاہتی ہوں سب حقیقی لگے'۔ جنید خان نے کہا 'مجھ سے صنم نے بھی اصرار کیا جس پر میں راضی ہوگیا، ہم نے سین عکس بند کروایا تو میں نے اسے ہلکا سا تھپڑ مارا جس پر مہرین خوش نہ تھیں کیونکہ ڈرامے میں وہ حقیقی نہیں لگا، بعدازاں میں نے ایک اور شاٹ دیا اور اس بار زور دار تھپڑ لگایا، واضح طور پر نظر آرہا تھا کہ صنم کو تکلیف ہوئی ہے'۔ جنید خان نے صنم سعید سے اس فعل پر معذرت بھی کی کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا بدترین سین تھا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ 'اس کے بعد میرے پاس ایسا کوئی سین آتا ہے تو میں ہوا سے ہی ہاتھ گزارتا ہوں، اگر کوئی مجھے کہے کہ اصل میں تھپڑ مارو تو میں کہتا ہوں کہ کیمرے کا اینگل ایسا بنا لیں اور ایڈیٹنگ میں تھپڑ کی آواز لگا دیں لیکن میں حقیقت میں نہیں ماروں گا'۔