صوبے میں کرائم کی شرح کو ہر صورت نیچے لایا جائے: مریم نواز

08-22-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکم دیا ہے کہ ہر ضلع میں کرائم کی شرح کو ہر صورت نیچے لایا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں پولیس افسران کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، پولیس افسروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مقررہ اشاریئے (کے پی آئی) کا جائزہ بھی لیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے سڑکوں پر محفوظ سفر کیلئے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر ضلع میں کرائم کی شرح کو ہرصورت نیچے لایا جائے، پنجاب کے ہر علاقے میں ہاٹ سپاٹ ایریاز ختم کرنے کیلئے ایکشن شروع کیا جائے، تاجر اور دکانداروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ڈکیتی کی وارداتوں کا سدباب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ چھوٹے بڑے شہروں کے روڈز پر ڈکیتی اور دیگر جرائم قطعاً قابل قبول نہیں، پنجاب کی ہر سڑک، گلی محلے کو محفوظ بنانا ہو گا، کسی میں جرم کرنے کی ہمت نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کسی روڈ پر ڈکیتی اور جرائم کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران ذمہ دار ہوں گے، عورتیں اور بچے ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم کو ہر صورت روکا جائے۔