تلخ کلامی پر محلے دار کو قتل کرنیوالا ملزم اوکاڑہ سے گرفتار
08-22-2024
(ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں تلخ کلامی پر محلے دار کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے اوکاڑہ سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسین نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے محلے دار ناصر علی کو لوہے کے راڈ مار کر شدید زخمی کر دیا تھا، ناصر علی چند روز ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود کے نوٹس پر انچارج انویسٹی گیشن گرین ٹاؤن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزم کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا۔ ملزم کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس کی گرفتاری پر مدعیہ مقدمہ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے کہا کہ ملزم کو مضبوط چالان مرتب کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔