پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن: رضوان، سعود کی سنچریاں، شاہینوں کی پوزیشن مستحکم

08-22-2024

(لاہور نیوز) پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن محمد رضوان اور سعود شکیل کی شراکت داری نے شاہینوں کا بھرم رکھ لیا، دونوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز سے اننگز آگے بڑھائی، دوسرے دن چائے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 350 رنز بنا لئے، سعود شکیل 140 اور محمد رضوان 120 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو جلد ہی آؤٹ کر دیا۔ تاہم صائم ایوب اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں نے پاکستان کی پوزیشن کو بہتر کیا۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیل کے پہلے روز 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 3 کے مجموعی سکور پر گری جب عبد اللہ شفیق 2 رنز پر پویلین لوٹے پھر دوسری وکٹ 14 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود کی گری جو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 2 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے، ان کے بعد وکٹ پر جمے ہوئے نوجوان بیٹر صائم ایوب 56 رنز بنا کر ہمت ہار گئے بنگلادیش کی جانب سے اب تک شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔