سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات
08-22-2024
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکول و کالجز کے باہر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔
اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سکول و کالجز کے اوقات میں ٹریفک کے موثر بہاؤ کے لئے مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع 2 سو سے زائد سکولوں کے باہر وارڈنز تعینات کر دیئے ہیں۔ شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹ و پٹرولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ عمارہ اطہر نے سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ پر اضافی پٹرولنگ افسران تعینات ہیں جبکہ علاقہ اقبال روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے اپنے ویڈیو بیان میں سرکل افسران کو سکول و کالج انتظامیہ سے میٹنگ کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ چھٹی کے اوقات میں صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی، ڈبل پارکنگ کی صورت میں کارروائی کی جائے۔ عمارہ اطہر نے سکول و کالجز کے باہر ریڑھی اور ٹھیلے لگانے سے سختی کے ساتھ منع کر دیا ہے اور ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک سکاؤٹس پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سی ٹی او لاہورعمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ سکول و کالجز، یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی لیکچرز کا شیڈول مرتب کیا جائے گا۔