لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی تیاریاں شروع

08-22-2024

(ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس 2024 ختم ہونے کے ساتھ ہی لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔

امریکا میں شیڈول ان گیمز میں 5 نئے کھیل فلیگ فٹبال، بیس بال، کرکٹ، لیکروس اور سکواش شامل ہوں گے۔ لاس اینجلس قبل ازیں 2 مرتبہ 1932 اور 1984 میں اولمپک مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے، کاروں کے اژدھام کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور شہر میں اولمپک مقابلوں کے مقامات کو منفرد حیثیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کھیلوں کے کسی بھی مقام پرجانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی جائے گی۔ اس کے لئے سرمایہ کاری کے ساتھ دیگر امریکی شہروں اور ریاستوں سے 3 ہزار کے قریب بسیں مستعار لی جائیں گی، 14 جولائی 2028 کو افتتاحی تقریب کا انعقاد طے ہے، گیمز 30 جولائی تک جاری رہیں گیں، بعدازاں پیرا اولمپک گیمز 15 سے 27 اگست تک ہوں گی۔ مقابلے دیگر شہروں میں بھی ہونے ہیں، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں اولمپک ویلج قائم ہو گا، ایل اے میموریل کولیزیم اولمپک کی تین افتتاحی تقریبات اور ایتھلیٹکس مقابلوں کی میزبانی کرنے والا پہلا سٹیڈیم بن جائے گا۔ لاس اینجلس ایرینا جمناسٹک، ایکسپوزیشن پارک غوطہ خوری کی میزبانی کرے گا، ساحلی پٹی پر واٹر فرنٹ میراتھن، تیراکی، ٹرائیتھلون اور کشتی کے مقابلے ہوں گے۔