عرس کی تقریبات، ایس پی سٹی کا داتا دربار کے گردونواح کا دورہ

08-22-2024

(ویب ڈیسک) حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس مبارک کی تقریبات کی فول پروف سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے دربار کے گردونواح کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ ، ایس ایچ او داتا دربار سمیت دیگر افسران بھی ایس پی سٹی کے ہمراہ تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سٹی نے داتا دربار عرس کی تقریبات، دودھ کی سبیل اور دیگر انتظامات کو چیک کیا، اہم پوائنٹس کا جائزہ لیا اور تمام داخلی اور خارجی راستوں کا معائنہ کیا ۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ داتا دربار عرس مبارک کی تقریبات کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی، عرس کے دوران بلند عمارتوں پر اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ داتا دربار روٹ کے گرد و نواح میں کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، آنے والے تمام زائرین کو تین درجاتی حصار سے سخت چیکنگ کے بعد میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کا مزید کہنا تھا کہ دور دراز سے آنے والے زائرین کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔