پنڈی ٹیسٹ: وی آئی پیز کیلئے ظہرانے اور عشائیے پر پابندی لگ گئی

08-22-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان بنگلا دیش ٹیسٹ سیریز کے دوران مہمانوں اور وی آئی پیز کے لئے مختص کردہ باکسز میں ظہرانے اور عشائیہ پر پابندی عائد کردی۔

کرکٹ بورڈ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ نے بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا تھا کہ کفایت شعاری اور کرکٹ بورڈ کے اخراجات میں کمی کے لئے ہر شعبے پر کٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بارے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی سی بی چیئرمین باکس، وی وی آئی پی باکس، ہاسپیٹلٹی باکس اور میڈیا باکس میں ظہرانے اور عشائیہ پر سختی سے پابندی عائد کردی ہے۔ میچ کے دوران صرف کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز اور پی سی بی کے سکیورٹی سٹاف کو کھانا مہیا کیا جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ میچز کے دوران کھانے پر لاکھوں روپے خرچ کرتا ہے پرائیویٹ سکیورٹی، سرکاری  ٹی وی اور سرکاری پرنٹ میڈیا کو ان کے اداروں سے ظہرانہ اور شام کی چائے دی جاتی ہے۔ پرائیویٹ میڈیا کو خود انحصاری پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی پالیسی پرعملدرآمد کے پابند ہیں۔ یاد رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں موجود فوڈ کورٹس کو بھی سکیورٹی کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔