پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، وزیراعظم کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

08-21-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں پاکستانی زائرین کو پیش آنیوالے حادثے میں 35 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے  المناک حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور  تہران میں پاکستانی سفارت خانے کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ واضح رہے کہ ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ حادثے میں 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔