سمگلنگ کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ادارے کوششیں تیز کریں: وزیراعظم

08-21-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمگلنگ کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کے لئے تمام ادارے اپنی کوششیں تیز کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام اور اب تک کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمگلرز، ان کے سہولت کاروں اور سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر کے کارروائی کی جائے، سمگلنگ میں ملوث افراد کو پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا، خوش آئندہ امر ہے کہ متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سمگلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، ایف بی آر، وزارت داخلہ اور دیگر ادارے آپس میں تعاون مزید بہتر کریں۔