مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کا افتتاح کر دیا

08-21-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ''اپنی چھت اپنا گھر'' منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  شریف نے کہا آج وہ سکیم لانچ کرنے جا رہی ہوں جس کا مجھے بہت انتظار تھا، اس سکیم کا پنجاب کے عوام کو بھی بہت انتظار تھا، اس سکیم کا سب سے زیادہ انتظار نواز شریف صاحب کو تھا، اپنے گھر سے بڑی کوئی نعمت نہیں ہوتی، ہم لوگوں کو جلدی جلدی گھر بنا کر بھی دیں گے۔ مریم نواز نے کہا مجھ سے اس سکیم کے بارے میں بہت سوالات ہوتے تھے، مجھ سے پوچھا جاتا تھا آپ اس سکیم کو کب لا رہے ہیں، اپنا گھر اپنی چھت نہ ہو تو انسان کو وہ کمی محسوس ہوتی ہے جس کا لفظوں میں بیان مشکل ہے، سیکرٹری ہاؤسنگ اور متعلقہ حکام نے اس منصوبے پر بہت محنت سے کام کیا، گھر ایک بار بنتا ہے بار بار نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا آج پنجاب کے عوام کو خوشخبری دینا چاہتی ہوں، شہری علاقوں میں 1 سے 5 مرلے تک زمین ہے تو حکومت آپ کو پیسے دے گی، حکومت پنجاب آپ کو 15 لاکھ روپے دے گی جس کو 7 سال کی آسان اقساط میں دینا ہے، جن کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے اور اپنی چھت نہیں تو دھیان سے سن لیں، دیہاتی علاقے میں 1 سے 10 مرلے تک زمین ہے تو آپ کو قرضہ دیا جائے گا، ہمارے اس قرضے پر زیرو سود اور انٹرسٹ ہے۔ مریم نواز نے کہا حکومت سروس چارجز بھی خود ادا کرے گی، عوام کو چارجز، انٹرسٹ اور سود ادا نہیں کرنا پڑے گا، میں نے اس سکیم میں بینک کو نہیں ڈالا کیونکہ ان کے اپنے لوازمات آ جاتے ہیں، ہم نے اپلائی کرنے کا پراسیس بھی آسان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا احساس ہے کم آمدنی والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم بجلی بلوں میں بھی 45 سے 50 ارب روپے کا ریلیف دیں گے، پنجاب کے تمام شہروں میں یہ پروگرام ایک ساتھ شروع کرنے جا رہی ہوں، آپ کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے تو معلومات متعلقہ ڈی سی آفس سے لے سکتے ہیں، آپ فاٹا سے بھی معلومات لے سکتے ہیں، ہم تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام بھی لا رہے ہیں۔ 15لاکھ روپے کی ماہانہ قسط 14 ہزار روپے کی ہو گی، 14 ہزار روپے کی ماہانہ قسط 7 سال میں ادا کرنی ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مہنگائی بھی کم ہو، میں زمین کا ٹکڑا بھی دیکھ آئی ہوں جس پر جلد کنسٹرکشن شروع کریں گے، آپ کو زمین کیلئے قرضہ چاہئے تو وہ بھی ہم دیں گے، اپنی چھت اپنا گھر ہم پانچ یا چھ بڑے اضلاع میں شروع کرنے جا رہے ہیں، آپ دیکھیں گے آئندہ دنوں میں گزشتہ 6 ماہ کی محنت رنگ لائے گی، میں روزانہ کی بنیاد پر پروگرامز کی خود نگرانی کرتی ہوں۔