اے این ایف کی 10 کارروائیوں میں 70 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

08-21-2024

(ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) نے 10 کارروائیوں میں 70 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق 70 کروڑ روپے کی 37 کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پشاور ایئرپورٹ پرقطر جانے والے مسافر سے 980 گرام جبکہ کراچی ایئرپورٹ سے قطرجانے والے شخص سے 402 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف کی جانے والی ایک کارروائی میں سعودی عرب جانے والے مسافر سے 150 گرام نشہ آور گولیاں اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر نائجیریا سے آنے والے مسافر سے 7۔5 ویڈ برآمد ہوئی۔ ملک کے مختلف شہروں میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران ایم ون اسلام آباد پر دو کارروائیوں میں 4 ملزمان  سے140 گرام افیون،  150 گرام ہیروئن، 1.2 کلو چرس اور 1.1 کلو آئس جبکہ جی ٹی روڈ  نوشہرہ  پر 2 ملزمان سے 2.4 کلو افیون، 6 کلو ہیروئین، 1.2 کلو چرس اور 3 کلو آئس برآمد ہوئی۔  کراچی یونیورسٹی کے ایک شخص سے 98 گرام چرس اور 20 گرام آئس برآمد کی گئی۔  کوئٹہ میں بھی  دو کاروائیوں میں 4 ملزمان سے 10 کلو ہیروئین اور 2 کلو آئس برآمد ہوئی۔ منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔