وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات کی تقسیم

08-20-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں کروڑوں روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے۔

پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کے میٹرک پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں ایوان وزیراعلیٰ میں گرینڈ تقریب ہوئی، پولیس بینڈ کی جانب سے طلبہ کا شاندار استقبال کیا گیا، طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کے اعزاز میں بھی انعامات کی تقسیم ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا پوزیشن ہولڈر بچے جہاں بھی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں کریں، فیس ادا کرنا میری ذمہ داری ہے، پنجاب کے طلبہ کے ہاتھ میں ہم لاٹھی اور ڈنڈا نہیں بلکہ کتاب دیں گے، نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ اوپن فیلڈ ملنے پر سرکاری دانش سکول کے بچے نے فرسٹ پوزیشن حاصل کی، اگلے سال سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کریں گے۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا بچوں کو شفاف امتحانات کا موقع نہ ملتا تو متوسط طبقے کے بچے کبھی پوزیشن حاصل نہ کر پاتے۔ ڈی جی خان بورڈ کے طالب علم ضیا الحق نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو پینٹنگ پیش کی۔ مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء بلال یاسین، ذیشان رفیق، رمیش سنگھ اور پوزیشن ہولڈر بچوں کے والدین سمیت دیگر حکام تقریب میں شریک ہوئے۔