عمران خان کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کروانے کیلئے درخواست دائر

08-20-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کروانے کیلئے اسلام ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ذاتی معالجین سے علاج کروانا بانی پی ٹی آئی کا حق ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین جوانی کے دور سے ان کا علاج کر رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کے بارہا احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ ذاتی معالجین کو چیک اپ کی اجازت نہیں دے رہی، ذاتی معالج سے علاج کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 9 حق زندگی کے برخلاف ہے، ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینے سے بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ بدقسمتی سے دیگر سیاسی قیدیوں کو جیل میں وی آئی پی علاج دیا جاتا ہے، جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے بھی تیار نہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک کی اجازت دی جائے۔