پنجاب میں تقرروتبادلوں میں سفارش کا خاتمہ کیا گیا ہے ، زاہد اختر زمان

08-20-2024

(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تقرروتبادلوں میں سفارش کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

پی ایم ایس سندھ کے افسران نے پنجاب سول سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ کیا، وفد کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی نظام اور تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ وفد نے پنجاب حکومت کے ترقی و خوشحالی اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کو مثالی قرار دیا، وفد نے مقبرہ انارکلی سمیت سول سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں تقرروتبادلوں میں سفارش کا خاتمہ کیا گیا ہے، صوبائی بیوروکریسی میں تقرریاں صرف میرٹ پر کی جاتی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب خود افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا پرائس کنٹرول، صحت، تعلیم اور صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے، دیہی علاقوں میں گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔