بنیادی اشیاء کی سستے داموں فراہمی، کام نہ کرنیوالے افسران گھر جائیں گے، ڈی سی لاہور

08-20-2024

(لاہور نیوز) بنیادی اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی، ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ بنیادی اشیاء کی سستے داموں فراہمی کیلئے کام نہ کرنے والے افسران گھر جائیں گے۔

ڈی سی لاہور کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد  ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی شرکت اجلاس میں شرکت کی۔ دوران اجلااس ڈی سی کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈی سی کا کہنا تھا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کے لئے انتطامی افسران کو اہم ٹاسک سونپ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ازخود فیلڈ میں نکل کر دورے کریں، اگر کسی بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی بجائے ان کا کوئی منشی فیلڈ میں پایا گیا تو پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی ہو گی۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ سبزی و پھلوں کے سٹالز پر سرکاری نرخنامہ ہر صورت نمایاں جگہ آویزاں کروایا جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر ازخود چیک کروں گا۔  ڈی سی لاہور  نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بنیادی سطح تک ریلیف کی فراہمی کی کاوشیں جاری ہیں۔