کیا کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا بیوقوفی نہیں؟ مریم نواز کا وزیراعلیٰ سندھ پر طنز
08-20-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ سندھ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف کو بیوقوفی کہنے والے بتائیں کہ کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا بیوقوفی نہیں؟
میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج طلبہ او روالدین کیلئے بڑا دن ہے، پوزیشن ہولڈرز نے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا ،تمام پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ ہمارے سر کا تاج ہیں، ایک ماں کی طرح بچوں کی کامیابی پر خوش ہوں، وزیر تعلیم سے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر دیاجائے، جیل گئی مقدمات کا سامنا کیا میری آنکھ میں آنسو نہیں آئے، بچوں کو گارڈ آف آنر ملتے دیکھا تو آنکھیں نم ہو گئیں، مجھے رلانا کوئی آسان کام نہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 138 پوزیشن ہولڈرز ہیں، ان 138پوزیشن ہولڈرز میں سے بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے، میرے لیے بیٹیاں اور بیٹے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے 2011 میں لیپ ٹاپ سکیم شروع کی، آپ کو حکومت کی جانب سے تمام آسانیاں ملنی چاہئیں، اللہ کے نظام میں ناانصافی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کل میری جگہ پر آپ پوزیشن ہولڈرز میں سے کوئی بچہ یا بچی کھڑی ہوگی، یہاں جو وزیرتعلیم لگائے جاتے ہیں ان کا تعلیم سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بہت پڑھے لکھے ہیں اور ان کی ٹیم نے بہترین کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ پوزیشن ہولڈرز کی تعداد زیادہ ہوگی، میرے پاس پنجاب میں 49 ہزار سکول ہیں، ابھی تک کوئی بہتری نہیں، یہ ایسی چیز نہیں کہ راتوں رات کوئی بہتری آئے گی، ہم تعلیم میں بہت ساری اصلاحات لارہے ہیں، آئندہ 5سال میں پنجاب میں شعبہ تعلیم کی شکل بدل جائے گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دانش سکولز وزیراعظم شہبازشریف کا لگایا گیا پودا ہے، آفس میں بیٹھ کر والد نوازشریف اور چچا شہبازشریف کے کاموں کےبارے سوچتی ہوں تو میرے اوپر ذمہ داری کا احساس مزید زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کیلئے میل پروگرام شروع کروں گی جو بہت مہنگا پروگرام ہے، اللہ کرے وہ دن جلد آئے جب سکولوں میں ہم کھانا دیں، ہم سکولوں میں نرسری سے پانچویں کلاس کے بچوں کیلئے مفت دودھ دیں گے، سکولوں میں مفت دودھ کا آغاز جنوبی پنجاب سے شروع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 ارب روپے سے سکالرشپس سکیم شروع کررہی ہوں، کوشش ہوگی سکالر شپس پروگرام میں طلبہ کی تعداد بڑھائیں، بہترین پوزیشن ہولڈرز جہاں پڑھنا چاہیں پڑھیں فیس دینا میری ذمہ داری ہے،بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم،ڈنڈے اور پتھر نہیں دینے، میں لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے جارہی ہوں، تعلیمی اداروں میں خود لیپ ٹاپس لاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے پاس اپنی ذاتی سواری ہونی چاہیے، الیکٹرک بائیکس بھی طلبہ کو ملنا شروع ہوگئی ہیں، تقریباً 30 ہزار الیکٹرک بائیکس طلبہ کو دے رہے ہیں، تعدادمزید بڑھائیں گے، ہم 61بسیں ان تحصیلوں میں دینے جارہے ہیں جہاں سکول بسیں نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی پاکستان کا واحد آئی ٹی سٹی ہے جس کو شروع کرنے جارہے ہیں، ماں باپ کی عزت ،تکریم اور محنت سے ہی انسان ترقی کرتا ہے، مرنے کے بعد سب کو ماں باپ یاد آتے ہیں، ہمیشہ ماں باپ کی قدر کریں،مڑ کر جواب نہ دیں، ماں باپ جو بھی کہیں ،سر جھکا لیں۔ مریم نواز نے کہا کہ آج جس مقام پر ہوں اللہ کے بعد میرے ماں باپ کی دعا ہے، میری والدہ کہتی تھیں اپنے اساتذہ کی عزت کرو، اپنے اساتذہ کی بھی عزت کریں، یہاں تک پہنچانے میں طلبہ کے اساتذہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ تقریب کے دوران بجلی بلوں میں ریلیف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی بل میں 2 ماہ کا ریلیف دینے پرخوشی ہے، ریلیف دینے پر کچھ لوگوں نے بیوقوفی کا لفظ استعمال کیا،کیا عوام کوریلیف ملنا بیوقوفی ہے؟ کرپشن کاپیسہ جیب میں ڈالنا اور ہیلی کاپٹروں میں گھومنا بےوقوفی نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ تنقید ہورہی ہے کہ شارٹ ٹرم ریلیف دیا،یہ شارٹ ٹرم نہیں، لمبا ریلیف ہے ،2ماہ بعد سولر کابڑامنصوبہ لارہےہیں ، اگر عوام کو 2 ماہ کا ریلیف بھی مل جائے تو میرے لیے اس سے زیادہ سعادت و خوشی کی بات نہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں تو چاہتی ہوں پورے پاکستان کو ریلیف ملے، پنجابی بعد میں پہلے پاکستانی ہوں، پنجاب میں ریلیف کسی نے تحفے میں مجھے نہیں دیا۔