ارشد ندیم کو سسر سے بھینس ملنے پر نیرچ چوپڑا کا ردعمل بھی آگیا

08-20-2024

(ویب ڈیسک) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سسر کی طرف سے بھینس کا تحفہ ملنے پر انکے بھارتی حریف نیرچ چوپڑا کا دلچسپ ردعمل بھی سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں نیرج چوپڑا نے انکشاف کیا کہ مقابلوں میں کامیابی پر انہیں بھی ایسے ہی تحائف مل چکے ہیں اور ہمارے علاقے میں بھی بھینسیں تحفے میں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے آبائی علاقے ہریانہ میں کھلاڑیوں کو اکثر ایسے تحائف پیش کیے جاتے ہیں جن میں گھی، لڈو، موٹر سائیکلیں اور یہاں تک کہ ٹریکٹر بھی شامل ہیں۔ نیرج نے کہا کہ میرے لیے بھی مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات سامنے آئے کہ اگر نیرج یہ مقابلہ جیتتا ہے تو  اسے 50 کلو گھی دوں گا۔ نیرج کا کہنا تھا کہ ہمارے شہر میں لوگ کبڈی شوق سے کھیلتے  ہیں اسی لیے وہاں گھی تحفے میں دیا جاتا ہے کیونکہ لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت بڑھاتا ہے۔ واضح رہے کہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر گولڈ میڈل جیتا تھا انکے بھارتی حریف نیرج چوپڑا مقابلے میں دوسرے نمبر پر آئے تھے۔