پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید
08-19-2024
(ویب ڈیسک) باجوڑ میں خوارج کی پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، آپریشن کے دوران 3 جوان شہید جبکہ 5 خوارج جہنم واصل کر دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے5 خوارج ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔