پنجاب کی طرح باقی صوبے بھی بجلی بلوں میں ریلیف دے سکتےہیں: عطا تارڑ

08-19-2024

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح باقی صوبائی حکومتیں بھی اپنے طور پر عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دے سکتی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کے بلوں پر باتیں کی جا رہی ہیں، موجودہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے اس کا ایک ہی مقصد تھا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کی جائے، عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلی ترجیح بجلی کے بلوں میں ریلیف دینا تھا، وفاقی حکومت نے پورے ملک میں ایک یونٹ سے لے کر 200 یونٹ تک کے تمام بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دی، یہ رقم ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی کر کے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے لئے دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں پنجاب حکومت نے اپنے فنڈز سے 45 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 201 یونٹ سے لے کر 500 یونٹ تک کے صارفین کو سبسڈی فراہم کی، وفاق موجودہ حالات میں جو کر سکتا ہے، وہ کر رہا ہے، پنجاب حکومت نے بھی ایک احسن اقدام اٹھایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز ریلیف کےاس ماڈل کوسراہیں، پنجاب حکومت نے جو اقدام اٹھایا وہ دوسرے صوبوں کیلئے ترغیب ہے، پنجاب حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ میں سےرقم نکال کر ریلیف دیا، دوسری صوبائی حکومتیں بھی اپنے طور پر بجلی کی قیمت میں ریلیف دے سکتی ہیں۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سوچ رہےتھے پنجاب حکومت کےاقدام کوسراہا جائےگا، بدقسمتی سےسندھ حکومت اور جماعت اسلامی نے تنقید شروع کردی۔