سندھ حکومت حسد نہ کرے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دے: عظمیٰ بخاری
08-19-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت حسد نہ کرے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سعید غنی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔ عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پچھلے تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا ہے، بھائی پنجاب کی وزیراعلی کو اپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا ہے، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز نواز شریف کی بیٹی ہے اور نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے، عوامی جماعت ہونے کے دعویدار کے تمام وزرا اور ترجمان تین دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جب آپ عوام کے دعویدار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں، ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں۔