ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، حادثات میں 8افراد جاں بحق، نشیبی علاقے زیر آب
08-18-2024
(لاہور نیوز/ ویب ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ پنجاب کے کئی اضلاع کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد، نارووال اور رحیم یار خان میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جان سے چلے گئے۔ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیواریں اور سولر پینلز گرنے سے 10 افراد زخمی ہوئے، چمن میں ریلوے ٹریک ریلے میں بہہ گیا جبکہ نوشکی میں ریلوے ٹریک میں شگاف پڑ گیا جس کی وجہ سے پاک ایران ریلوے رابطہ بھِی منقطع ہوگیا۔ جیکب آباد کے علاقے گڑھی خیرو کے قریب نہر میں 70 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، دھان کی فصل زیرِ آب آگئی۔ ادھر خیرپور، سکھر اور مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سکھر میں 180 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلا جنڈولہ بازار میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے زرعی زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، طوفانی بارشوں سے وانا گومل زام روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر بند ہوگئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ دوسری جانب خیبر میں بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی، متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات میں مصروف ہیں۔ محکمہ مو سمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ، پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا۔